صفحہ اول تازہ سرگرمیاں - سیمینار سابق وفاقی سیکرٹری سید ابو احمد عاکف کے ساتھ نشست English
سابق وفاقی سیکرٹری سید ابو احمد عاکف کے ساتھ نشست چھاپیے ای میل

 the-living-scripts 1

آئی پی ایس لیڈ (The Learning, Excellence and Development Program of IPS) کی طرف سے منعقد کیے جانے والے پروگراموں کی سیریز The Living Scripts کا مقصد سول سروس کے تجربہ کار افراد کی عملی زندگی سے متعلق علم حاصل کرنا اور اسے شرکاء تک پہنچانا ہے تاکہ وہ ان کے خیالات سے اپنی فکر کو جلا بخش سکیں۔

اس پروگرام کی پہلی نشست ۱۲ اپریل ۲۰۱۹ء کو آئی پی ایس میں ہوئی۔ اس نشست سے خطاب کرنے والے سید ابو احمد عاکف تھے جنہوں نے حکومت پاکستان میں کیبنٹ سیکرٹری اور وزارت کلائیمیٹ چینج میں سیکرٹری کی حیثیت سے سول سروس کے سب سے بلند درجہ کے گریڈ بی پی ایس ۲۲ میں خدمات سرانجام دی ہیں۔ بعد ازاں اُس وقت کے وزیراعظم کی طرف سے ۲۰۱۶ء میں انہیں وفاقی سیکرٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ سول سروس کے امتحان ۱۹۸۲ء میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے عاکف ۲۰۱۰-۲۰۱۵ تک سعودی عرب میں پاکستان کے حج مشن میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر اپنی کارکردگی کے باعث کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے اپنے بچپن سے لے کر تعلیمی اور پھر پیشہ ورانہ زندگی میں سامنے آنے والے بہت سے چیلنجوں اور جدوجہد سے متعلق واقعات شرکاء کے سامنے بیان کیے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ایک نجی اشتہاری ادارے میں اپنے کام کے آغاز سے پاکستان کے پبلک شعبے میں خدمات تک منتقلی کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء محفل کو اپنی قیمتی آراء سے مستفید کیا اور بتایا کہ بیوروکریسی ملک میں کیسے کام کرتی ہے۔

ابو احمد عاکف نے امریکہ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک میں اپنے دوروں اور وہاں کے قیام کے دوران ہونے والے مشاہدات اور تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشکل حالات اور چیلنجوں سے مقابلہ کرنے اور ثابت قدم رہنے کے لیے قیمتی آراء دیں اور انہیں بتایا کہ ہر وہ شخص جو زندگی میں دوسروں سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتا ہے اسے زندگی میں دلیرانہ طرزِعمل سے ان مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔